ٹیکا اور پی بی ایم کے مابین جدید کچن کے قیام کا معاہدہ

 ٹیکا اور پی بی ایم کے مابین جدید کچن کے قیام کا معاہدہ

منصوبے کے تحت روزانہ 15 ہزار مستحق افراد کے لیے معیاری کھانا تیار کیا جائے گا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان بیت المال اور جمہوریہ ترکیہ کی معروف سماجی تنظیم ٹیکا کے باہمی اشتراک سے سنٹر لائزڈ کچن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے دونوں ادارو ں کے درمیان منگل کو ایک مفاہمتی یادداشت عمل میں آئی جس پر دستخط کرنے کی تقریب پاکستان بیت المال ہیڈ کوارٹر ز میں منعقد ہوئی۔ پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروغلوکی موجودگی میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ اور ٹیکا کی کنٹری ہیڈ ٹونا صالحہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ کیے ، ٹیکا کے ڈپٹی کوارڈینیٹر اسماعیل، ٹیکنیکل پروگرام آفیسر وقاص بشیر اور دیگر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمہوریہ ترکیہ کے سفیر نے دونوں ممالک کے منفرد برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی روایت کا حوالہ دیا۔ انہوں نے TIKA کی 16سال سے زائد عرصے پر محیط سماجی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔ پاکستان بیت المال کے غریب دوست اقدامات کی تائید کرتے ہوئے ترکیہ کے سفیر نے مستقبل میں مزید تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں