چیئرمین سینیٹ سے پرتگالی سفیر کی ملاقات ،تعلقات بڑھانے کا عزم
باہمی اور کثیرالجہتی سطح پر امن، استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے ملکر کام کرینگے ،یوسف رضا
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )پاکستان میں پرتگال کے سفیر، پاؤلو میگوئیل گوئیڈس ڈومینگیز نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔ یوسف رضا گیلانی نے پرتگال کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی اور کثیرالجہتی سطح پر امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔ پرتگال کے سفیر پاؤلو میگوئیل گوئیڈس ڈومینگیز نے پرتپاک استقبال پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سیاسی، پارلیمانی، اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پرتگال کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔