ریلوے کو مکمل طور پر ڈیجیٹل ادارہ بنانے کیلئے کام شروع ،حنیف عباسی
منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ڈیجیٹل خدمات کو مزید تیز رفتار ،عوام دوست بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں جاری ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئندہ مالی سال کے ڈیجیٹل منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ریلوے ، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان ریلوے ، آئی ٹی ٹیم اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق جاری منصوبوں، حاصل شدہ پیش رفت اور آئندہ مالی سال کے اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پاکستان ریلوے اپنی 78 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے اور قومی اداروں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے ۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کی رابطہ ایپ پر اس وقت 100 سے زائد ٹرینوں کی سہولت دستیاب ہے ، جبکہ کیش لیس ای ٹکٹنگ، بڑے ریلوے سٹیشنز پر مفت وائی فائی، فریٹ مینجمنٹ سسٹم، رولنگ اسٹاک ٹریکنگ اور دیگر جدید سہولیات پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے ۔شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر کے 60 بڑے ریلوے سٹیشنز کو ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے ، جبکہ ریلوے ہیلپ لائن 117 کو ہفتے کے ساتوں دن، 24 گھنٹے فعال کر دیا گیا ہے ۔