کراچی نیشنل موومنٹ کا نئے صوبوں ،انتظامی یونٹس کی حمایت کا اعلان
شہریوں کو بنیادی سہولیات، سیاسی اختیار اور وسائل پر مؤثر حق دیا جائے ،مشترکہ پریس کانفرنس
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) کراچی نیشنل موومنٹ کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو اس کی آبادی، معاشی اہمیت اور قومی خدمات کے مطابق بااختیار انتظامی یونٹ یا صوبے کا درجہ دیا جائے ، کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات، سیاسی اختیار اور وسائل پر مؤثر حق دیا جائے اور شہر کے مسائل کے مستقل حل کے لیے واضح اختیارات اور جواب دہی کا نظام قائم کیا جائے، کراچی والے غدار نہیں، پاکستانی ہیں اور انہیں سزا دینے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ کراچی کے عوام اب کسی لسانی سازش کا شکار نہیں ہونا چاہتے۔
کراچی میں گروہی، لسانی اور فرقہ وارانہ سیاست کے بجائے قومی سیاست کو فروغ دیا جائے، کراچی میں ہونے والے حادثات اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ،کراچی نیشنل موومنٹ ریاست کی جانب سے نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے کے اقدام کی حمایت کرے گی، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی نیشنل موؤمنٹ کے کنوینئر اشرف جبار قریشی، ہیڈ مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر، سابق مشیر وزیر اعظم سردار اقبال، چیئرمین کراچی گرینڈ الائنس اسلم خان، چیئرمین فیڈرل ٹریٹری الائنس ظفر الجمیل شیخ اور وائس چیئرمین گرینڈ الائنس سید یوسف امام نے کہا کہ کراچی منی پاکستان اور ملک کا معاشی، تجارتی و صنعتی مرکز ہے ، تاہم طویل عرصے سے شہر کو اس کی معاشی اہمیت کے مطابق وسائل، اختیارات اور سہولیات نہیں مل رہیں، کراچی کو 1967ء میں دارالحکومت کی منتقلی کے بعد مسلسل نظر انداز کیا گیا، جبکہ 1986ء کے بعد لسانی سیاست اور بدامنی نے شہر کے سماجی، معاشی اور تعلیمی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments