پنجاب آرٹسٹ سپورٹ فنڈ 2026-27کیلئے درخواستیں طلب
فلم، ٹی وی، ریڈیو، تھیٹر، میوزک، ڈانس، پینٹنگ، خطاطی سے وابستہ فنکار اہل
راولپنڈی (اے پی پی) حکومت پنجاب نے فنکاروں کی خدمات کے اعتراف اور ان کی سماجی و معاشی سرپرستی کے لیے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ 2026-27 کے تحت صوبہ بھر کے اہل فنکاروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں، جس میں فلم، ٹی وی، ریڈیو، تھیٹر، میوزک، ڈانس، پینٹنگ، خطاطی، مجسمہ سازی سمیت تکنیکی شعبہ جات سے وابستہ فنکار بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ ترجمان محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ایسے فنکار درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کا فن کے متعلقہ شعبے میں 25 سال کا تجربہ ہو، ذاتی ماہانہ آمدنی 40 ہزار روپے سے کم ہو جبکہ مرد فنکاروں کی عمر کم از کم 50 سال اور خواتین فنکاروں کی عمر کم از کم 45 سال ہو۔ معذور فنکاروں کے لیے عمر اور تجربے کی کوئی قید نہیں ہوگی۔ اہل فنکار اپنی درخواستیں متعلقہ ڈویژنل ڈائریکٹر، پنجاب آرٹس کونسل کے دفتر میں جمع کراسکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments