ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے انتظامات مکمل کر لیے ، کمشنر راولپنڈی
طلبہ کو شٹل سروس سکستھ روڈ سے امتحانی مراکز تک فراہم کی جائے گی
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار )کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے کہا ہے کہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔طلبہ کی آسانی کے لیے شٹل سروس سکستھ روڈ سے امتحانی مراکز تک فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے قائم امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 20 ستمبر کو ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان میں 6240 امیدوار شریک ہوں گے ۔ کمشنر راولپنڈی نے بارانی یونیورسٹی، گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن اور صدیق پبلک سکول سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر راولپنڈی نے انتظامیہ کو طلبا اور والدین کی رہنمائی کے لیے پینا فلیکس لگانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا امتحانی مراکز کے اندر اور باہر دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ امتحانی مراکز اور اردگردسکیورٹی کے موثر اور جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر کالجز اور سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون اور کیمروں کی مدد سے نگرانی کے عمل کو مانیٹر، شناختی کارڈ، ایڈمیشن لیٹر اور بائیو میٹرک کے ذریعے شناخت کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments