شہزادٹاؤن میں پولیس مقابلہ،زیرحرا ست 2افغان ملزم ہلاک
نشاندہی پر لے جا تے ہوئے ملزموں کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جنگل میں چھپے ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے ، پولیس کا سرچ آپریشن جاری
اسلام آباد (خبرنگار )تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں پولیس کارروائی کے دوران زیرِ حراست دو ملزم عبداللہ اور ملہے خان ہلاک ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے والے چار مسلح ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ۔پولیس حکام کے مطابق زیرِ حراست ملزمان عبداللہ اور ملہے خان کو ان کی نشاندہی پر ساتھی ملزمان کی گرفتاری اور اسلحہ و دیگر شواہد کی برآمدگی کے لیے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے راول ٹاؤن کے قریب واقع ایک کباڑ خانے لے جایا جا رہا تھا کہ جنگل میں چھپے چار مسلح ملزمان نے انہیں چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں زیرِ حراست عبداللہ اور ملہے خان زخمی ہو گئے جبکہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی۔حکام کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ہلاک ملزم افغان شہری تھے ۔ ملزم تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود میں ایک خاتون سے موبائل فون چھیننے ، مبینہ زیادتی کی کوشش اور اسے زخمی کرنے کے مقدمے میں گرفتار تھے اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments