ایران پر اس وقت مشکل وقت ،جلد گزر جائیگا ،علیم خان
وفاقی وزیر سے ایرانی سفیر کی ملاقات ، دوطرفہ روابط کے فروغ، مختلف امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی ,خطے کی موجودہ صورتحال، پاک ایران تعلقات، دوطرفہ روابط کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ایران کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت بھی ان شاء اللہ گزر جائے گا۔ مشکل حالات میں ہی اچھے دوست کام آتے ہیں، پاکستانی عوام کے دل اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایرانی قیادت کی قربانیوں نے ایران کے عوام کے سر فخر سے بلند کیے ہیں۔ ایرانی قائدین کی شہادتوں پر پاکستانی عوام کو بھی دلی دکھ پہنچا ہے ۔ انہوں نے ایرانی عوام کی خوشیوں، سلامتی اور پُرامن زندگی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہاار کیا۔ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے بیرونی جارحیت کے تناظر میں پاکستانی عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کو دونوں ممالک کے مفاد میں قرار دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments