بی آئی ایس پی کے تمام مستحقین کی جیو ٹیگنگ کر رہے ، روبینہ خالد
شکایات کے ازالے کیلئے احتساب شروع ،ناجائز کٹوتی پر کسی کو معاف نہیں کرینگے6 بینکوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی کا اختیار دیدیا ،چیئرپرسن،مٹھی میں میڈیا گفتگو
اسلام آباد( دنیا رپورٹ) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ تھرپارکر میں خشک سالی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا بیس کی بنیاد پر لوگوں کو مالی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ، جس کے تحت پورے تھرپارکر میں غریب اور مستحق خاندانوں کی ہر ممکن مالی معاونت یقینی بنائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی کے کانفرنس ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کا سروے پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے ، جس کے تحت 32 سے کم اسکور رکھنے والے افراد کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔ اگر سندھ حکومت 32 سے زیادہ اسکور کی حد مقرر کرتی ہے تو مستحقین کی تعداد میں بھی اضافہ ہو جائے گا، سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ مالی امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی امداد کے علاوہ ہوگی۔ انہوں نے کہا امدادی رقوم کی شفاف فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کا تعاون حاصل کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جہاں شکایات سنی جائیں گی اور ان کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔
روبینہ خالد نے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام مستحقین کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے اور ان کے لیے والٹ اکاؤنٹس کھولے جا رہے ہیں، اب 6 بینکوں کو امدادی رقوم کی ادائیگی کا اختیار دیا گیا ہے ۔ شکایات کے ازالے کے لیے احتساب کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور کسی کو بھی بدعنوانی یا ناجائز کٹوتیوں پر معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا یہ پروگرام غریب عوام کی مدد کے لیے ہے ، اس لیے اسے سیاست کی نذر کرنے سے گریز کیا جائے ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام انتہائی شفاف انداز میں چلایا جا رہا ہے ، جس کی حکومتی سطح پر کڑی نگرانی بھی کی جاتی ہے ۔ حکومت کی کوشش ہے پروگرام کو شفاف انداز میں جاری رکھتے ہوئے غریب عوام کی خدمت کی جائے اور مستحق خواتین اس پروگرام سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ قبل ازیں چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ڈپٹی کمشنر آفس مٹھی کے کمیٹی روم میں تھرپارکر کے منتخب نمائندوں اور سرکاری افسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس بھی منعقد کیا۔ اس موقع پر روبینہ خالد کو ضلع میں خشک سالی کی موجودہ صورتحال، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی مالی امداد میں ناجائز کٹوتیوں، ڈیوائس ہولڈرز کی من مانیوں اور دیگر متعلقہ مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments