ایم ڈی بیت المال کی ای کچہری ،شہریوں کی شکایات سنیں

 ایم ڈی بیت المال کی ای کچہری ،شہریوں کی شکایات سنیں

مختلف کیسز کی منظوری ،متعلقہ دفاتر کو موقع پر ضروری احکامات جاری

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ کی سربراہی میں گزشتہ روز ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے 20شہریوں نے براہِ راست اپنے مسائل اور درخواستیں پیش کیں۔ ایم ڈی نے تمام شکایات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ صوبائی اور علاقائی دفاتر کو موقع پر ضروری احکامات جاری کیے ، متعدد کیسز میں فوری پیش رفت اور بعض درخواستوں کی موقع پر منظوری بھی دی۔ای کچہری میں تعلیمی وظائف کے حوالے سے پانچ، طبی امداد کے چار، خصوصی افراد کے پانچ جبکہ دیگر شہریوں نے مالی معاونت اور پاکستان بیت المال کی مختلف فلاحی خدمات سے متعلق اپنے مسائل پیش کیے ۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لکی مروت، کوئٹہ، لاہور، مہمند، لیہ، ملتان، کراچی، ٹنڈوجام اور نصیر آباد سمیت مختلف علاقوں سے شہریوں نے ٹیلی فون کے ذریعے منیجنگ ڈائریکٹر سے براہِ راست رابطہ کیا۔ای کچہری میں پاکستان بیت المال کے تمام صوبائی اور علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹرز آن لائن شریک ہوئے ۔ شہریوں کی شکایات پر متعلقہ افسران سے براہِ راست جواب طلب کیا گیا، جبکہ درخواست گزاروں کے شناختی کارڈ اور دیگر ضروری کوائف کی روشنی میں ان کے کیسز کی ابتدائی جانچ پڑتال بھی موقع پر کی گئی تاکہ غیر ضروری تاخیر کے بجائے فوری اور مثر اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جس ریجن یا صوبے سے مسلسل اور زیادہ شکایات موصول ہوں گی، وہاں کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا جائے گا اور ذمہ دار افسران سے جواب طلب کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...