7 کروڑ افراد کی ہیپاٹائٹس سکریننگ،مفت ٹیسٹ ہوگا ،وزیر صحت
ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ مثبت آنے پر مریض کو 68ہزار کی دوا بھی مفت فراہم کی جائیگی اسلام آباد میں صحافیوں کیلئے صحت سہولت کارڈ کا دوبارہ اجرا کیا جا رہا ،مصطفی کمال
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں 7 کروڑ افراد کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کرے گی، جس کے تحت 7ہزار روپے مالیت کا ٹیسٹ مفت کیا جا رہا ہے ، جبکہ ہیپاٹائٹس سی کا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مریض کو 68ہزار روپے مالیت کی دوا بھی پورے پاکستان میں مفت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کا آغاز اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے کر دیا گیا ہے ، اس مقصد کے لیے متعلقہ آپریٹرز کو ڈیجیٹل ڈیوائسز فراہم کی گئی ہیں اور نادرا کے ساتھ معاہدہ بھی کیا گیا ہے ۔ اسلام آباد میں صحافیوں کیلئے صحت سہولت کارڈ کا دوبارہ اجرا کیا جا رہا ہے ، جس کے تحت 15 نجی ہسپتالوں میں شہری مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے ، پمز اور پولی کلینک میں سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے اشتراک سے منعقدہ ہیپاٹائٹس سکریننگ کیمپ کے افتتاح اور دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نیشنل پریس کلب آمد پر صدر عبدالرزاق سیال، سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ، رجسٹرار اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کرنل (ر)غلام مجتبیٰ عباسی، سینئر صحافیوں اور اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے سی ای او یاسر نیازی نے وفاقی وزیر صحت کا پرتپاک استقبال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments