’’ ڈاکٹرز فیملی‘‘ کی ماں ڈاکٹر عطیہ ظفر انتقال کرگئیں

’’ ڈاکٹرز فیملی‘‘ کی ماں ڈاکٹر عطیہ ظفر انتقال کرگئیں

ڈیفنس میں نماز جنازہ،کوہی گوٹھ اسپتال کے احاطے میں تدفین،سوئم کل ہوگاڈاکٹر ٹیپو سلطان،ڈاکٹر شیر شاہ،ڈاکٹر سراج الدولہ سے پی ایم اے کا اظہار تعزیت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملیر کالا بورڈ پر قائم عطیہ اسپتال کی بانی ،المعروف ’’ڈاکٹرز فیملی‘‘ ڈاکٹر ٹیپو سلطان، ڈاکٹر شیر شاہ سید ، ڈاکٹر سراج الدولہ اور ڈاکٹر شاہین ظفر کی والدہ ڈاکٹرعطیہ ظفر طویل علالت کے بعد 85 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔مرحومہ کی نماز جنازہ بدھ کو ڈیفنس کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی اور کوہی گوٹھ اسپتال کے احاطے میں سپر خاک کردیا گیا،مرحومہ کا سوئم کل بعد نماز جمعہ سے مغرب تک بلال مسجد ڈیفنس فیز 7خیابان اتحاد میں ہوگا ، خواتین کیلئے مرحومہ کی رہائش گاہ پر انتظام کیا گیا ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر عطیہ ظفر کے انتقال پر پی ایم اے کے رہنمائوں ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون، ڈاکٹر مرزا علی اظہر، ڈاکٹر قیصر سجاد، ڈاکٹر عزیز احمد لہڑی، ڈاکٹر سعید میمن ، ڈاکٹر پیر منظور، ڈاکٹر محمد ادریس ایدھی، ڈاکٹر قاضی محمد واثق اور پی ایم اے کے دیگر ارکان نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عطیہ ظفر نے اپنے چار بچوں کی پیدائش کے بعد میڈیکل کی تعلیم حاصل کی۔ ڈاکٹر عطیہ ظفر کے تمام بیٹے، بہو ،بیٹیاں ڈاکٹر ہیں جبکہ پوتے ،پوتیاں ، نواسے ، نواسیاں بھی طب کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اس وقت مرحومہ کے خاندان کےتقریبا ً 40 افراد ڈاکٹرہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں