کراچی چڑیاگھر اب پہلے سے کافی بہتر ہوگیا، یونس خان

کراچی چڑیاگھر اب پہلے سے کافی بہتر ہوگیا، یونس خان

بچوں کو موبائل سے دور رکھا اور کھیلوں کی طرف راغب کیا جائے ، سابق ٹیسٹ کرکٹرپاکستان نفسیاتی سوسائٹی کی جانب سے ذہنی صحت کی آگاہی کے حوالے سے مہم کاافتتاح

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے کہا ہے کہ کراچی چڑیاگھر اب پہلے سے کافی بہتر ہوگیا ہے ،تیس سال بعد بچوں کے ساتھ یہاں آیا ہوں، رویوں میں مثبت تبدیلی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے بہترین کردار ادا کرتی ہے ، بچوں کو موبائل جیسی چیزوں سے دور رکھا اور کھیلوں کی طرف راغب کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی چڑیا گھر میں پاکستان نفسیاتی سوسائٹی کی جانب سے ذہنی صحت کی آگاہی کے حوالے سے شروع کی گئی مہم کے افتتاح پر کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زو کنور ایوب، جناح اسپتال کے ڈاکٹرکمال خان، ڈاکٹر روزینہ، پروفیسر اقبال آفریدی، ڈاکٹر بہرام خان، ڈاکٹر جیا قمر، ڈاکٹر شریف، چڑیا گھر میں آنے والے شہری اور ان کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ سابق کرکٹر یونس خان نے مزید کہا کہ وہ سابق کپتان سرفراز کے مستقبل کے لیے پریشان ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئندہے ، توقع ہے کہ سرفراز بھی دوبارہ جلد میدان میں اتریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے کاموں سے جسمانی اور ذہنی صحت کو فروغ دیا جائے ، سوشل میڈیا کا مثبت استعمال ہونا چاہیے ، والدین کو چاہیے کہ وہ چھوٹے بچوں کو موبائل فون سے دور رکھیں تاکہ بچے آؤٹ ڈور کھیل کھیلیں جس سے ان کی ذہنی و جسمانی صحت بہتر ہوگی ، پہلے زمانے میں محلے کے افراد بچوں کو تعلیم فراہم کرتے تھے ، ہم نے اپنی زندگی کو کیوں مشکل بنالیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں