تمام مذاہب بھائی چارے کا درس دیتے ہیں، بشپ جوزف کوٹس

تمام مذاہب بھائی چارے کا درس دیتے ہیں، بشپ جوزف کوٹس

کراچی کو دوبارہ امن کا گہوارہ، روشنیوں کا شہر بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہےگرجا گھروں، مسیحی بستیوں کو سہولتیں پہنچانے والوں کو سراہنا اچھا عمل، تقریب سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیتھولک آرچ ڈیواسز کراچی کے سربراہ بشپ جوزف کوٹس نے کہا ہے کہ تمام مذاہب امن، یکجہتی اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں،کراچی کو دوبارہ امن و سکون کا گہوارہ اور روشنیوں کا شہر بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے ،کرسمس سے قبل تمام گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں سہولتیں پہنچانے والوں کی کارکردگی کو سراہنا اچھا عمل ہے ۔ ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے حوالے سے ہمیں حکیم محمد سعید، عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر روتھ فاؤ، بیگم رعنا لیاقت علی خان جیسی شخصیات بہت یاد آتی ہیں۔ آج جو جذبہ اور کام بلدیاتی و صوبائی ادارے انجام دے رہے ہیں وہ انہی شخصیات کی خدمات کا تسلسل ہے ،ہم ان تمام بلدیاتی اور صوبائی اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ فادر صالح ڈیگو نے کہا کہ بشپ جوزف کوٹس کے کراچی میں چارج سنبھالنے سے حکومتی اداروں، این جی اوز اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان روابط کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، جن شخصیات کی خدمات کو آج سراہا جا رہا ہے وہ یقیناً لائق تحسین ہیں۔ اس موقع پر بشپ جوزف کوٹس، فادر صالح ڈیگو، سلیم مائیکل ایڈووکیٹ نے یوسی چیئرمینوں قیصر امتیاز، آصف صدیقی، سلطان محمود تاجوانی، اقبال چھیپا، عابدہ سلطانہ، سٹی کونسلر انتھونی تیجہ، رمیش بابولعل ، منیر نیلسن، ندیم شیخ ایڈووکیٹ، سفیر عباس، منصور جیک، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سید صلاح الدین، ایس ایس پی ساؤتھ شیراز حافظ، چیئرمین جنوبی ملک فیاض، سید ذوالفقار شاہ، اکرام خان، پرویز گل، شوکت اسٹیفن، ڈاکٹر ڈیوڈ چارلس ودیگر کو ستائشی سرٹیفکیٹ دیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں