عوام کیلئے خوشخبری! پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان
لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے 15 روز میں دوسری بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 40 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 49 پیسے فی لٹر کمی متوقع ہے۔
وزارت پٹرولیم ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 7.26 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی جس کے بعد عالمی سطح پر پٹرول کی قیمت 98.99 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 19 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمت 4.68 ڈالر کی کمی سے 99.37 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق وزیراعظم کی منظوری کے بعد 16مئی 2024 سے ہو گا۔
یاد رہے کہ اس وقت پٹرول کی فی لٹر قیمت 288 روپے 49 پیسے اور ڈیزل کی 281 روپے 96 پیسے فی لٹر میں فروخت جاری ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کے طور پر 60 روپے فی لٹر بھی وصول کر رہی ہے جبکہ ڈیلرز کو دونوں مصنوعات پر 8.64 روپے فی لٹر کا مارجن مل رہا ہے۔