گوگل میپس کا نیا گریڈینٹ آئیکون متعارف، ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی
نیویاک: (ویب ڈیسک) گوگل نے خاموشی سے اپنی مقبول سروس گوگل میپس میں ایک دلچسپ تبدیلی متعارف کرا دی ہے جس سے بیشتر صارفین اب تک آگاہ نہیں ہو سکے۔
ٹیک ویب سائٹ 9to5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے لیے نیا گریڈینٹ آئیکون اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
نیا آئیکون بھی پرانے ڈیزائن کی طرح پن کی شکل پر مشتمل ہے، تاہم اس کے انداز میں بہتری لائی گئی ہے، نئے آئیکون میں اوپری رنگ نسبتاً پتلا کیا گیا ہے جبکہ اندر موجود سفید دائرہ پہلے کے مقابلے میں بڑا کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوگل نے آئیکون کے رنگوں میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے اسے جیمینائی اور مصنوعی ذہانت سے متاثر گریڈینٹ رنگوں کے ساتھ ڈیزائن کیا ہے، ٹیک ماہرین کے مطابق صارفین اس آئیکون کو باآسانی پہچان سکیں گے، تاہم اس کا نیا ڈیزائن پہلے سے کافی مختلف دکھائی دیتا ہے۔
یہ نیا آئیکون مرحلہ وار اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے اسے جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں گوگل میپس میں متعدد اے آئی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں گوگل جیمینائی کے ذریعے براہ راست بات کرتے ہوئے نیوی گیشن سروس استعمال کرنے کی سہولت بھی شامل ہے، اس کے علاوہ گوگل کی جانب سے جیمنائی کو گوگل میپس کے ساتھ بھی میپس میں ضم کیا جا رہا ہے۔