روس نے 12 سال بعد ونٹر پیرا اولمپکس میں پہلی بار میڈلز جیت لیے

ماسکو: (شاہد گھمن سے) سال 2014ء کے بعد پہلی بار ونٹر پیرا اولمپکس میں روس کی وارفارا وورنچکھینا اور الیکسے بگاۓ وف نے اٹلی میں خواتین اور مردوں کے ڈاؤن ہل اسٹینڈنگ مقابلوں میں کانسی کے تمغے حاصل کیے۔

23 سالہ وورنچکھینا دو بار پیرا-الپائن اسکیئنگ کی عالمی چیمپئن رہ چکی ہیں اور انہوں نے روس کی نمائندگی اپنے پہلے پیرا اولمپکس ایونٹ میں کی، کیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے روسی کھلاڑیوں پر پابندی عائد تھی۔

صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں واقعی بہت خوش ہوں، شاید ابھی تک احساس نہیں ہوا، لیکن یہ میرا پہلا میڈل ہے، مجھے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے، یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ہمارا پرچم سٹیڈیم میں اور افتتاحی تقریب میں لہرا رہا ہے۔

تین بار کے سونے کے تمغے کے حامل بگائووف نے بھی خوشی ظاہر کیا اور کہا کہ میں خوش ہوں کہ دوبارہ اپنے ملک کی نمائندگی کر سکتا ہوں، یہ اچھا ہے کہ ہمیں کچھ الزام نہیں دیا جا رہا، کوئی پابندی نہیں ہے، چھپنے پر مجبور نہیں کیا جا رہا، جیسا کہ کوریا میں تھا۔ یہ بس احمقانہ ہے! ہم خوش ہیں کہ ہم معمول کے مطابق مقابلہ کر سکتے ہیں اور میڈلز جیت سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ روس کے پیرا اولمپک کھلاڑیوں کو دوبارہ جنوری 2026ء میں مقابلے کیلئے کلیئر کیا گیا، جب ماسکو نے انٹرنیشنل سکی اینڈ سنوبورڈ فیڈریشن کے خلاف کورٹ آف آر بیٹریشن فار سپورٹس میں اپیل جیت لی۔

اس وقت تک وہ ادارہ روسی کھلاڑیوں کو پابندی کے تحت رکھ رہا تھا، حالانکہ انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی نے پچھلے سال روسی اور بیلاروسین کھلاڑیوں کی شمولیت بحال کر دی تھی۔

زیادہ تر روسی کھلاڑیوں پر 2015ء میں عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی تحقیقات کے بعد پابندی عائد کی گئی تھی، جس میں ریاستی سطح پر ڈوپنگ کے الزامات تھے، جنہیں ماسکو مسلسل مسترد کرتا رہا ہے۔

بعد میں متعدد پابندیاں کورٹ آف آر بیٹریشن فار سپورٹس میں اپیل کے ذریعے ختم کر دی گئیں، جس نے کہا کہ جرمانہ عائد کرنے کیلئے کافی شواہد نہیں ہیں۔

میلان میں پیرا اولمپکس جمعہ کو شروع ہوئی اور 15 مارچ تک جاری رہے گی، روسی پیرا اولمپین اتوار کو اسنو بورڈنگ میں مقابلہ کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں