ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کالج پروفیسر اور اہلیہ کو کچل دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سچل تھانے کے علاقے سپرہائی وے جمالی پل کے قریب یو ٹرن پرتیز رفتار ڈمپرنے موٹرسائیکل سوارکالج پروفیسر اور انکی اہلیہ کوکچل دیا۔۔۔
خوفناک حادثے میں میاں بیوی موقع پرجاں بحق ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 54 سالہ طارق ولد صلاح الدین اوران کی اہلیہ کی 55 سالہ نادیہ زوجہ طارق صلاح الدین کے نام سے کی گئی۔خوفناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے طارق صلاح الدین عبداللہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں فزکس کے پروفیسر تھے ۔ سوگواران میں 2 بیٹے اورایک بیٹی شامل ہے، حادثے میں پروفیسرطارق صلاح الدین کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پرانکے ساتھی پروفیسر اسپتال پہنچ گئے ۔عبداللہ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کی پرنسپل تسنیم فاطمہ نے بتایا کہ متوفی پروفیسر اسکیم 33 کے رہائشی تھے تاہم انہوں نے حال ہی میں عزیز آباد میں نیا گھر لیا تھا اوراپنے گھر کے سامان کی شفٹنگ کروا رہے تھے ۔متوفی پروفیسر نے اپنے گھر کا سامان پک اپ میں لوڈ کرکے عزیز آباد بھجوا دیا تھا اور خود اپنی موٹر سائیکل پراہلیہ کے ہمراہ عزیز آباد جا رہے تھے ۔پک اپ کا ڈرائیور متوفی پروفیسر کے بتائے ہوئے پتہ پر پہنچ کر ان کا انتظار کر رہا تھا، پک اپ ڈرائیور کے کال کرنے پولیس کی جانب سے حادثے میں پروفیسرطارق صلاح الدین اوران کی اہلیہ کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی۔ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع پر سے فرار ہوگیا، پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لینے کے بعد تھانے منتقل کردیا اور ڈمپر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ضلعی و ٹریفک ایس ایس پیز سے جمالی پل کے قریب پیش آئے حادثے کی علیحدہ علیحدہ تفصیلات طلب کرلیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، پولیس کارروائی میں ٹریفک قوانین پر مشتمل جملہ اقدامات کو غیرجانبدار اور موثر بنایا جائے ، جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔مزید برآں سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر قربان ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے معمر راہگیر 70 سالہ رشید احمد ولد حضرت محمد جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔