شاہ عبداللطیف بھٹائی مزار کے لکی گیٹ سے چاندی کے حصے چوری
سکیورٹی پرمامور پولیس اہلکار بے خبر، کیمروں کی مدد سے ایک ملزم گرفتار کرلیا گیاچوری کی گئی چاندی ہالا کی دکان سے برآمد، دکاندار بھی زیر حراست ہے ، ڈی ایس پی
مٹیاری (نمائندہ دنیا)بھٹ شاہ میں صوفی بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار سے چاندی کے دروازے کے حصے چوری کرلئے گئے ، جس کا انتظامیہ کو صبح علم ہوا، سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار واقعہ سے بے خبر رہے ۔ جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ درگاہ کے قائم مقام سجادہ نشین سید خاور شاہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو صبح کے وقت اس چوری کا پتہ چلا ہے ، ایک صوفی بزرگ جس کی درگاہ پر لاکھوں زائرین آتے ہیں، لیکن مرکزی دروازے سے چوری ہوجانا افسوس کا مقام ہے۔ انہوں نے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے نظریاتی اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کے لیے مزید سکیورٹی کا مطالبہ کیا ہے ، دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ ایک ملزم کو گرفتار کرکے چوری کی گئی چاندی ہالا کی دکان سے برآمد کرلی ہے ۔ ڈی ایس پی ہالا محمد یعقوب برڑو کا کہنا تھا کہ کیمروں کے فوٹیج سے شناخت پر نوجوان کو حراست میں لیا تھا، جبکہ چاندی برآمد ہونے پر دکاندار کو بھی گرفتار کرلیا ہے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار شخص سے مزید تفتیش جاری ہے ، جلد دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائیگا۔ چوری کا مقدمہ محکمہ اوقاف کی جانب سے بھٹ شاہ پولیس اسٹیشن پر درج کروایا گیا جس پر پولیس نے کارروائی کی ہے۔