مٹیاری:نیشنل ایکشن پلان، اجلاس میں چینی باشندوں کی سکیورٹی پرغور

مٹیاری:نیشنل ایکشن پلان، اجلاس میں چینی باشندوں کی سکیورٹی پرغور

دیگر امور کا بھی جائزہ، ریاست مخالف یامذہبی انتشار پھیلانا قبول نہیں، ڈپٹی کمشنرغیر ملکی پناہ گزینوں کی بیدخلی، ناجائز تعمیرات کیخلاف کارروائی ہوگی، یوسف شیخ

مٹیاری (نامہ نگار)نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس آج لطیف ہال مٹیاری میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی، مدارس، مساجد اور درگاہوں کی رجسٹریشن اور سکیورٹی، غیر ملکی پناہ گزینوں کی بے دخلی، ناجائز تعمیرات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، غیر قانونی، غیر معیاری، کم مقدار میں فروخت کرنے والے اور بغیر لائسنس چلنے والے پیٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی، روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف اقدامات، بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے ، بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائی، پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی، فینسی لائٹس، کالے شیشوں، فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں سمیت نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور بالخصوص غیر قانونی سگریٹوں کے خلاف کارروائی جیسے امور پر غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا کہ اگرچہ مٹیاری ایک پُرامن ضلع ہے ، تاہم ریاست مخالف یا مذہبی انتشار پھیلانے والی پوسٹس لگانے یا شیئر کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور ہر شہری کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سہولت گھر قائم کیا جائے گا، جہاں مدارس، مساجد اور درگاہوں کی رجسٹریشن، پیٹرول پمپوں اور آٹا چکیوں کو لائسنس کے اجرا سمیت دیگر معاملات ون ونڈو آپریشن کے تحت حل کیے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں