مسیحی برادری کیلئے فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی
کرسمس کے موقع پر موثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جائے ،آئی جی کی ہدایتمذہبی اقلیتوں اور انکی عبادت گاہوں کا تحفظ آئینی ذمہ داری ،ترجمان سندھ حکومت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سکھدیوم ہمنانی ترجمان حکومتِ سندھ اور رکن سندھ ہیومن رائٹس کمیشن سکھدیو ہمنانی کے تحریری خط کے جواب میں انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ کرسمس کے موقع پر سندھ بھر میں مسیحی برادری کی گرجا گھروں، عبادت گاہوں اور اجتماعی مقامات پر فول پروف اور حفاظتی سکیورٹی اقدامات کے ساتھ موثر ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ کو ارسال کیے گئے خط میں سخت نگرانی اور مربوط سیکیورٹی منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل (9زندگی اور آزادی کا حق)، آرٹیکل 20 (مذہبی آزادی)، آرٹیکل 25 (قانون کے سامنے برابری) اور آرٹیکل 36 (اقلیتوں کے تحفظ) میں دی گئی آئینی ضمانتوں کو اجاگر کیا گیا۔ اس کے مطابق تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو جامع سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔سکھدیو ہمنانی نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ آئینی ذمہ داری اور حکومتِ سندھ کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومتِ سندھ اقلیتی حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے فعال اور ادارہ جاتی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے ۔سکھدیو ہمنانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرسمس کے دوران حکومتِ سندھ مکمل طور پر چوکس رہے گی ۔