میرپور خاص:نجی ہاؤسنگ اسکیم کا مالک قتل، دوسرا شدید زخمی
سٹلائٹ ٹاؤن میں واقعہ کے بعد کشیدگی، پولیس نے 5ملزمان گرفتار کرلئےچوہدری شہزاد تعمیراتی کام کے معائنے کیلئے آئے ، زمین کے تنازع پرنشانہ بنے
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپور خاص سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے کی حدود رنگ روڈ ستاری کاٹن فیکٹری کے قریب واقع نجی ہاؤسنگ اسکیم کے اونر ایڈوکیٹ شہزاد باجوہ قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے ۔ کئی ماہ سے چوہدری برادران کی ہاؤسنگ اسکیم کی زمین پر اسکیم کے اونر ودیگر لوگوں سے مبینہ انکروچمنٹ کا تنازعہ چل رہا تھا اور جمعرات کی صبح دونوں گروپوں میں گولیاں چل گئیں۔ جسکے نتیجے میں نجی ہاؤسنگ اسکیم کے اونر ایڈوکیٹ چوہدری شہزاد مبینہ طور پر قتل ہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں صابر مغل نامی شخص جو گاؤں چوہدری غلام رسول کا رہائشی بتایا جا رہا ہے ، شدید زخمی ہوا، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے واقعہ پر پہنچی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی اسپتال پہنچے تو مقتول کے ورثا شدید مشتعل ہوگئے ، جس پر اسسٹنٹ کمشنر اپنی سرکاری گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہوگئے ۔ دوسری جانب ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے جائے وقوعہ کا تفصیلی جائزہ کیا ، ورثا سے ملاقات بھی کی، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ زمین کا تنازع دونوں پارٹیوں کے درمیان کافی عرصے سے تھا، عدالتی فیصلے کے بعد دیوار تعمیر کی جا رہی تھی، جس کا کام 80 فیصد مکمل ہوچکا تھا، پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران شک کی بنیاد پر 5 سے زائد مرد اور خواتین کو حراست میں لے لیا گیا۔