ایران، دبئی کے نمبرز سے بھتے کی کالز موصول ہو رہیں،آباد
بعض متعلقہ محکمے قابضین کے ساتھ مل کر اراضی کے ٹائٹل تبدیل کر دیتے ہیں بھتہ خوروں کیخلاف جدوجہد میں مذہبی طبقہ ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہو ، حسن بخشی
کراچی(بزنس رپورٹر)چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہا کہ آباد کراچی میں بھتہ خوری، قبضہ مافیا اور بدمعاشی کے خلاف کھل کر آواز اٹھا رہا ہے ، اس جدوجہد میں مذہبی و سماجی طبقات کی ہم آوازی ناگزیر ہے ،نائیجیریا، ایران، دبئی اور فلپائن کے نمبروں سے بھتے کی کالیں موصول ہو رہی ہیں جبکہ دو افراد کے ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں ،امید ہے کہ حکومت دیگر ملوث عناصر کے بھی ریڈ وارنٹ جاری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے زیر اہتمام مہتمم جامعۃ الرشید اور چانسلر الغزالی یونیورسٹی مفتی عبدالرحیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین آباد نے کہا کہ شہر میں قبضوں کے معاملات خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں،بعض متعلقہ محکمے قابضین کے ساتھ مل کر اراضی کے ٹائٹل تک تبدیل کر دیتے ہیں، فردِ واحد سے لڑنا آسان ہوتا ہے مگر ریاستی اداروں سے ٹکر لینا نہایت مشکل ہو جاتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ بلڈرز کو پراجیکٹ کے اعلان کے بعد پریشان کیا جاتا ہے ۔ چیئرمین آباد نے کہا کہ آباد کو مفتی عبدالرحیم جیسے دین سے محبت کرنے والے افراد کی آواز کی ضرورت ہے اور چاہتے ہیں کہ مذہبی طبقہ بھی اس جدوجہد میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہو ۔پیٹرن ان چیف آباد محسن شیخانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے کہا کہ مفتی عبدالرحیم نے دینی تعلیم کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ قابلِ تحسین ہے ۔مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ اپنے تعلقات ذات کے بجائے کراچی کے لیے استعمال کروں ۔