ہیلمٹ کی قیمتوں پر کنٹرول کرنا ضلعی انتظامیہ کیلئے چیلنج بن گیا
800والاہیلمٹ2ہزار،1300والا3ہزار میں فروخت ،عوام شدید پریشان مہنگے ہیلمٹ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے ،شہریوں کا مطالبہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہرقائدمیں ہیلمٹ کی قیمتوں پر کنٹرول کرنا ضلعی انتظامیہ کے لیے چیلنج بن گیا۔کراچی میں 800روپے میں فروخت ہونے والا عام ہیلمٹ اب 2000 روپے جبکہ 1300 روپے والا ہیلمٹ کی قیمت 3000 روپے تک جا پہنچی ہے جس کے باعث موٹر سائیکل سوار شدید پریشانی اور مالی دباو کا شکار ہیں۔رپورٹ کے مطابق کراچی میں دکانداروں نے موٹر سائیکل ہیلمٹ کی قیمتوں میں از خود اضافہ کردیا ہے ،کراچی میں ٹریفک قوانین پر سختی کے بعد موٹر سائیکل ہیلمٹ کی قیمتوں میں اچانک اور نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جو ہیلمٹ پہلے 800روپے میں دستیاب تھا، وہ اب 2000 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ 1300 روپے والا ہیلمٹ 3000 روپے تک جا پہنچا ہے ۔کراچی کی موٹر سائیکل مارکیٹ اکبر روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں موٹر سائیکل ہیلمٹ کی دوکانوں میں قیمتوں پر کنٹرول کرنا ضلعی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے پر سختی سے ای چالان کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف مارکیٹوں میں دوکانداروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہیلمٹ کی قیمتوں میں من مانے ریٹ مقرر کررکھے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دوکاندار نہ صرف زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں بلکہ غیر معیاری ہیلمٹ بھی مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگے داموں ہیلمٹ فروخت کرنے والے دورکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔