قائداعظم کا وژن آج بھی مشعلِ راہ ، ناصر حسین شاہ
بابائے قوم کے فرمودات پر عمل کر کے وطن عزیز کو خوشحال بنایا جا سکتا قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، پیغام
کراچی (اسٹاف رپورٹ)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بانیٔ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت اور کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظمؒ کی قیادت، اصول پسندی اور وژن آج بھی پاکستان کے ہر شہری کیلئے مشعلِ راہ ہیں، قائد اعظمؒ کے فرمودات اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم قومی تعمیر و ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں جن پر عمل کر کے ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی، سماجی انصاف اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا اور ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں ہر شہری کو مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور ترقی کے مواقع میسر ہوں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی ناگزیر ہے اور اقتصادی استحکام، تعلیم کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک ایسی معیشت کی بنیاد رکھی جا سکے جو ہر طبقے کے لیے یکساں مواقع فراہم کرے ۔ وزیر بلدیات نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے اور مسیحی برادری نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ قائد اعظمؒ کا خواب رواداری، محبت اور انصاف پر مبنی پاکستان تھا اور یہ دن ہمیں ان کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے اور ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے ۔