یتیم لڑکیوں کے لئے آغوش ہوم کا افتتاح کر دیا گیا
ملک بھرمیں 22آغوش ہوم قائم،کئی مقاما ت پر منصوبے زیر تکمیل،حمیرا طارق
کراچی (سٹی ڈیسک)الخدمت خواتین ٹرسٹ پاکستان کے تحت پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں یتیم بچیوں کے آغوش ہوم کا افتتاح کردیا گیا۔افتتاح سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان حمیراطارق نے کیا ۔اس موقع پر الخدمت کراچی کے سی ای او نوید علی بیگ ، ٹرسٹ کی چیئرپرسن نویدہ انیس ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ،ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،دردانہ صدیقی ، اسد اللہ بھٹو ،سیف الدین ایڈووکیٹ، ڈائریکٹر آغوش ہوم گلشن معمار عبد الرحمن فدا ودیگر ذمہ داران موجود تھے ۔افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ آغوش ہوم کے قیام کا مقصد یتیم بچیوں کو محفوظ رہائش، معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنا ہے ،الخدمت ٹرسٹ یتیم بچیوں کو اس وقت بہترین سہولیات فراہم کررہا ہے اور یہ سب ہمارے ڈونرز کے تعاون اور بھرپور توجہ سے ممکن ہوا ہے ۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ یہ کراچی میں لڑکیوں کے لیے پہلا آغوش ہوم ہے ،اس سے قبل کراچی میں گلشن معمار میں لڑکوں کے لیے آغوش ہوم موجود ہے ،ملک بھر میں الخدمت نے 22 آغوش ہوم قائم کیے ہوئے ہیں ،کئی مقامات پر منصوبے زیر تکمیل ہیں ۔لڑکیوں کا آغوش ہوم انہیں محفوظ رہائش، معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل فراہم کریگا۔۔سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ یتیموں کی کفالت سنت رسول ہے اور الخدمت اس سنت رسول پر عمل پیرا ہے ۔