کے پی ٹی،پورٹ قاسم،ریلوے کراچی سے کماتے لیکن اس پر خرچ نہیں کرتے،میئر
بد قسمتی کے ساتھ ہمیں وفاق کی حمایت نہیں ملتی، چاہتا ہوں ایم کیو ایم ان کے سامنے کراچی کیلئے لڑے ، شہرپراس سال 30ارب روپے خرچ کرنے جارہے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے حصے کا کام کررہی ہے ، چاہتا ہوں ایم کیو ایم وفاق کے سامنے کراچی کے لئے لڑے ، جو بھی کراچی کا مقدمہ لڑیگا میں ان کے ساتھ ہوں، ہمیں بد قسمتی کے ساتھ وفاق کی حمایت نہیں ملتی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کا بالکل حصہ نہیں ہے ، کے پی ٹی، پورٹ قاسم، پاکستان ریلوے کراچی سے کماتے ہیں لیکن اس پر خرچ نہیں کرتے ، جو تاجر کراچی کو کماکر دیتے ہیں ان پر بھی وفاق پیسہ خرچ نہیں کرتا، ہم تو وسائل کو بروئے کار لاکر کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شہر کے اندر اس سال 30 ارب روپے خرچ کرنے جارہے ہیں، ٹاؤن چیئرمینز کام نہیں کررہے ہیں وہاں بھی بذات خود مجھے کام کرنا پڑتا ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی اور کہاکہ آج کے دن مزارِ قائد پر حاضری کا مقصد قائدِ اعظمؒ کے افکار اور وژن کو سمجھنا اور اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہم ان کی سوچ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کس طرح اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ۔