لعل شہباز عرس9سے 11فروری کوہوگا، تیاریوں کا آغاز
انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر کا اجلاس، سکیورٹی امور پرتفصیلی غور کیاسکیورٹی 8زونز میں تقسیم، 5ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی پرتعینات ہونگے ، بریفنگ
سہون (نمائندہ دنیا )حضرت لعل شہباز قلندر کا سالانہ عرس 9 سے 11 فروری کو ہوگا، اس سلسلے میں تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے ، ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے عرس مبارک کے انتظامات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام ترانتظامات اور سکیورٹی کے تفصیلی منصوبوں پر غور کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عرس کے دوران تمام متعلقہ افسران کو ہمہ وقت مستعد رہنا ہوگا، تاکہ ملک بھر سے آنے والے لاکھوں زائرین کو بنیادی سہولیات کی بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عرس کا افتتاح سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کریں گے ۔ تیسرے روز اختتامی تقریب میں سندھ کے گورنر شرکت کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرس کے دوران ثقافتی پروگرامز کے انعقاد کے ساتھ دیگر پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ سیکورٹی سب سے بڑا چیلنج ہے ، جس کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے ، جس پر پولیس افسران نے بتایا کہ سکیورٹی کو 8 زونز میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں 5 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے ۔ میٹل ڈیٹکٹر ، واک تھرو گیٹس، ڈرون کیمراز کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ نادرا کے تعاون سے فیس ریکگنیشن کیمرے نصب کیے جائیں گے ۔ اسپیشل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جو درگاہ کے مرکزی کنٹرول روم اور نادرا کے نظام سے منسلک ہوگا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔