تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم
تحریری حلف نامہ جمع نہ کرانے والے دکاندار وںکی دکانیں نہیں کھولی جائینگیفٹ پاتھ پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھی جائے گی،کمشنر
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کمشنر سید حسن نقوی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فٹ پاتھوں، سڑکوں اور سروس روڈز پر قائم تجاوزات اور سٹنگ کے بڑھتے رجحان کے خلاف کارروائی بلا تعطل جاری رکھی جائے گی۔اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے بالمشافہ جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم مزید مؤثر بنائی جائے اور دکانداروں سے انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو پابند بنایا جائے کہ وہ مقررہ حدود میں کاروبار کریں تاکہ شہر میں ٹریفک دباؤ کم ہو اور سرکاری زمینوں سے تجاوزات کے خاتمے کی حکومتی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو دکاندار ایس او پیز پر عملدرآمد کی تحریری یقین دہانی کے طور پر حلف نامہ جمع نہیں کرائے گا، اس کی دکان نہیں کھولی جائے گی۔تین روز تک سیل رہنے والی دکانوں کے مالکان متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں حلف نامہ جمع کرا سکتے ہیں جس کے بعد ایس او پیز جمع کرانے والی دکانوں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔مزید فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکان سیل ہونے کے تین دن مکمل ہونا لازمی ہوگا، جبکہ حلف نامہ جمع کرانے کے باوجود خلاف ورزی کی صورت میں دکاندار کو گرفتار کیا جا سکے گا ۔