وزیر تعلیم سندھ سے نجی اسکول یونین کے وفد کی ملاقات

وزیر تعلیم سندھ سے نجی اسکول یونین کے وفد کی ملاقات

عہدیداران کا طلبا کی فری شپ ڈیٹا تصدیق کے طریقہ کار پرتحفظات کا اظہارتصدیق کے مربوط طریقہ کار پر اتفاق کے بعد رہنماؤں کا ہڑتال خاتمے کا اعلان

کراچی(سٹی ڈیسک)گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن وفد کی وزیر تعلیم سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ذوالفقار علی شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز محمد افضال، ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ ملاح اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔الائنس وفد نے سندھ میں پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلبا کی فری شپ ڈیٹا تصدیق کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کیا۔وفد نے کہا کہ اینٹی کرپشن کے ذریعے تصدیق کے عمل پر گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے بہت سے تحفظات ہیں۔تفتیش اور ڈیٹا ویر فکیشن کے طریقے میں فرق ہوتا ہے ۔ وفد نے موقف اختیار کیا ڈیٹا ویری فکیشن کے نام پر اسکول انتظامیہ، والدین سے ناروا سلوک روا رکھا گیا۔وزیر تعلیم نے ملاقات میں کہا کہ گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز وفد کے خدشات کا احترام ہے ۔ ڈیٹا ویری فکیشن کے مکینزم کا طریقہ طے نہ ہونے پرنجی اسکول انتظامیہ کو مسائل درپیش آئے ۔ ملاقات میں اینٹی کرپشن کی تصدیق کے مربوط طریقہ کار پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق ہوا کہ اسکولز اور والدین کے تمام خدشات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔ وزیر تعلیم سندھ نے وفد کے رہنماؤں کو یقین دلایا کہ وہ پرائیویٹ ایجوکیشن سیکٹر کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔ رہنماؤں نے وزیر تعلیم  کی یقین دہانی پر احتجاج اور جمعہ 9 جنوری کی ہڑتال واپس لینے کا اعلان کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں