گھوٹکی میں فائرنگ، میہڑ، محراب پور میں حادثات، 4ہلاک
عمران بھٹی خانپور مہر میں نشانہ بنا، بھریا سٹی میں ٹرالر نے موٹر سائیکل کچل دیانڈس ہائی وے میہڑ پردھند کے باعث گاڑیاں ٹکرانے سے 2افراد لقمہ اجل بنے
گھوٹکی، اندرون سندھ (نمائندگان)گھوٹکی میں فائرنگ، میہڑ، محراب پور میں ٹریفک حادثات نے 4جانیں لے لیں۔ گھوٹکی پولیس کے مطابق تحصیل خانپور مہر کے قریب گاؤں لوہی میں نامعلوم افراد نے نوجوان عمران بھٹی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ میرپور ماتھیلو کی کوثر کالونی میں بھی صبح سویرے نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے نوجوان ابرار کولاچی کو شدید زخمی کردیا۔ محراب پور میں بھریا سٹی تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر گرڈ اسٹیشن کے قریب ٹرالر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار امام الدین ولد محمد یامین سولنگی موقع پر ہی جاں بحق اور محمد عثمان اور فیاض احمد زخمی ہوگئے۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق گاؤں جمال الدین سولنگی سے ہے۔ میہڑ میں شدید دھند کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ۔ انڈس ہائی وے سٹی ہوٹل کے قریب نواحی گاؤں سائیں داد گوگانی کا رہائشی 65 سالہ مزدور ڈوم گاڑی کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، لاش کو تحصیل اسپتال میہڑ پہنچایا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ رادھن اسٹیشن کے قریب قاسم شاہ جنگل سے درویش کی لاش ملی ہے جس کی شناخت محمد حسن کھوسو ولد مصری خان کھوسو کے نام سے ہوئی۔