منشیات کی اسمگلنگ کا ملزم عدم شواہد پر بری

 منشیات کی اسمگلنگ کا ملزم عدم شواہد پر بری

زیورات بنانے والا کاریگر اپنی مشین میں منشیات چھپا نہیں سکتا،عدالت کنیڈا اسمگل کی جانے والی افیون مشین کے خفیہ خانوں سے ملی ،سرکاری وکیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسدادِ منشیات عدالت نے مشین میں منشیات چھپا کر مبینہ طور پر کینیڈا اسمگلنگ کرنے سے متعلق مقدمہ میں ملزم شہزاد کوعدم شواہد کی بنا پر بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ پیر کو انسدادِ منشیات عدالت میں مشین میں منشیات چھپا کر مبینہ طور پر کینیڈا اسمگلنگ کرنے سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہوئی ۔ سرکاری وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا تھاکہ برآمد شدہ افیون رولنگ مل مشین کے خفیہ خانوں سے ملی تھی،مشین کینیڈا اسمگلنگ کیلئے تیار کی گئی تھی۔ وکیل صفائی کی جانب سے مؤقف اختیار کیاگیا تھاکہ ملزم نے مشین مفرور ملزم علی کے آرڈر پر لاہور میں تیار کی تھی،مشین دو ماہ تک علی کے ایجنٹ کوثر کے پاس گودام میں سرگودھا میں رہی، ملزم کو بے قصور ہونے کے باوجود قربانی کا بکرا بنایا گیا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہاکہ شواہد سے ثابت نہیں ہوا کہ شہزاد ایکسپورٹ پراسس میں شامل تھا، زیورات بنانے والا کاریگر اپنی ہی مشین میں منشیات چھپا نہیں سکتا۔عدالت نے ملزم شہزاد کوعدم شواہد کی بنا پر بری کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ استغاثہ کے مطابق اے این ایف نے 2020 میں پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمنل کے اسیسمنٹ یارڈ سے مشین قبضے میں لی تھی، مشین کے خفیہ خانوں سے 191 پیکٹ افیون برآمد ہوئی، مجموعی وزن 105 کلو بتایا گیا، مقدمہ سی این ایس ایکٹ 1997 کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں