سیدناامیر معاویہ ؓکی خدمات مسلمہ حقائق ہیں،ثروت قادری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری،مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ۔۔۔
سیدنا امیر معاویہ ؓ کی سیرت،کردار،خدمات اسلام اور فضائل و مناقب ایسے روشن اور مسلمہ حقائق ہیں کہ جن پر جتنی بھی روشنی ڈالی جائے وہ کم ہے ۔ثروت قادری کا کہنا تھا کہ صحابہ کرام ؓ کی جماعت میں کسی ایک کو الگ کر کے تنقید کا نشانہ بنانا دراصل امت مسلمہ میں انتشار پھیلانے کے مترادف ہے ۔بلال عباس قادری نے کہا کہ آپ ؓ نہ صرف عظیم صحابی بلکہ حلم و بردباری، تدبر و حکمت اور حسنِ سیاست کی اعلیٰ مثال تھے ۔بلال سلیم قادری نے کہا کہ سیدنا امیر معاویہ رضی اللہ عنہ نے خلافت و حکومت کے دوران امت مسلمہ کو نظم و ضبط،عدل و حکمرانی اور ریاستی استحکام کا مضبوط نظام عطا کیا۔اسلامی سلطنت کی سرحدوں کا تحفظ،بحری قوت کی بنیاد اور انتظامی اصلاحات آپ رضی اللہ عنہ کے قابل فخر کارنامے ہیں، جنہیں تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔مرکزی رہنماؤں نے واضح کیا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی شان میں کسی قسم کی گستاخی، تنقیص یا منفی پروپیگنڈا اہلسنت کے نزدیک ناقابل برداشت ہے ۔پاکستان سنی تحریک عقیدہ اہلسنت کے تحفظ،ناموس صحابہ کے دفاع اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔