نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں بجلی چوری پکڑی گئی
کراچی(سٹی ڈیسک)کے الیکٹرک نے بجلی چوری کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا میں میٹر ٹیمپرنگ کے متعدد واقعات کی نشاندہی کی۔
گزشتہ تین ماہ کے دوران علاقے میں میٹر ٹیمپرنگ کے 10 کیسز سامنے آئے ، جبکہ کے الیکٹرک کے نیٹ ورک سے 22 ہزار 400 کلوگرام غیرقانونی کنڈا کنکشنز بھی ہٹا دیے گئے ۔ علاقے میں کنڈا ریموول ڈرائیوز کے دوران بجلی چوری کے نت نئے طریقے سامنے آئے ۔ ایک موقع پر انٹرنیٹ باکس کے مشابہ کور میں چھپائی گئی کیبلز کے ذریعے بجلی چوری کی جا رہی تھی، جبکہ ایک اور کیس میں نکاسی آب کے نالے کے اندر سے گزرنے والا غیرقانونی زیرِ زمین کیبل نیٹ ورک دریافت ہوا۔کے الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے کہا کہ شرپسند عناصر صنعتی فیڈرز کا فائدہ اٹھا کر بڑی مقدار میں بجلی چوری کرتے ہیں۔