گھوٹکی:زہریلا پانی پینے والے مزید 2بچے دم توڑ گئے

گھوٹکی:زہریلا پانی پینے والے مزید 2بچے دم توڑ گئے

3پہلے ہی دم توڑ چکے ، زہریلی دوا کی خالی بوتل میں پانی بھر کرپیا تھاعمریں 7سے 9سال کے درمیان، محکمہ صحت کی ٹیم گاؤں پہنچ گئی

گھوٹکی (نمائندہ دنیا )گھوٹکی کے گاؤں الٰہی بخش چھجن میں چند روز قبل کھیل کے دوران 5 کم عمر بچے کیڑے مار دوا کی خالی بوتل میں پانی بھر کر پینے سے زہریلے اثرات کا شکار ہو ئے تھے ۔ بچوں کی حالت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 2 بچے دو روز قبل ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک بچہ گزشتہ روز اور 2 بچے آج جان کی بازی ہار گئے ۔ محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 9 سال کے درمیان تھیں اور تمام بچے ایک ہی گاؤں کے رہائشی اور آپس میں قریبی رشتہ دار تھے ۔ واقعے کے بعد محکمہ صحت کی ٹیم متاثرہ گاؤں پہنچ گئی، اور علاقے میں پانی کے نمونے لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ عینی شاہدین اور ورثا کے مطابق بچے کپاس کی فصل پر اسپرے کی جانے والی کیڑے مار دوا کی خالی بوتل کو پانی کے لیے استعمال کر رہے تھے جس میں موجود زہریلے اثرات نے بچوں کی جان لے لی۔ بچوں کو تشویش ناک حالت میں سکھر منتقل کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ زرعی زہروں کی خالی بوتلیں فوری طور پر تلف کریں اور بچوں کو ایسی اشیا سے دور رکھیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں