عمرکوٹ:ملکیت کا تنازع، مبینہ سو سال سے رہائش پذیرافراد بیدخل
عدالتی فیصلے پر پولیس نے سامان سڑک پر پھینک دیا، خواتین وبچوں کی چیخ وپکارپلاٹ ایک شہری کی ملکیت، پولیس، انصاف نہ ملنے پرمتاثرین کا خودسوزی کا انتباہ
عمرکوٹ (نامہ نگار)پلاٹ کی ملکیت کے تنازع پر مبینہ 100 سال سے رہائشی افراد کو بیدخل کردیا گیا، اس سلسلے میں عدالتی فیصلے کو جواز بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ شہرمیں سلطان چوک کے قریب عدالتی حکم پرپولیس اورمحکمہ ریونیوکے افسران نے کارروائی کرتے ہوئے بستی میں مقیم سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے 20سے زائد خاندانوں کوانکے گھروں سے بے دخل کردیاگیا،اورگھروں سے سامان نکال کرباہر سڑک پر پھینک دیاگیا، پولیس اورمحکمہ ریوینو کے افسران کاکہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ سید برادری کے شہری کی ملکیت ہے اورانہوں نے عدالتی حکم پر کارروائی کی ہے ۔ دوسری جانب متاثرہ خاندانوں کادعویٰ ہے کہ وہ گزشتہ ایک سو سال سے یہاں رہائش پذیر ہیں جس کے گواہ اہلیان شہرہیں۔ انہوں نے الزام لگایاکہ پلاٹ پر قبضہ کرنے کی نیت سے ان کوبے دخل کیاجارہاہے ۔ اس موقع پر چیخ وپکارکرنے والی خواتین اوربچوں کو پولیس نے گرفتارکرکے تھانے منتقل کردیاہے ۔ متاثرین نے الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ مردپولیس اہلکاروں نے ان کے گھروں پر چڑھائی کرتے ہوئے چادر اور چار دیواری کاتقدس پامال کیاہے ، باپردہ خواتین اوربچوں کو بدترین تشددکانشانہ بنایا، اور ان کی تذلیل بھی کی، انصاف نہیں ملا تووہ خودشوزی کرلیں گے ، انہوں نے بالا حکام سے نوٹس لینے اورانصاف کی فراہمی کامطالبہ کیاہے ۔