چمڑا اسپتال میں پانی بند، مریضوں کا داخلہ روکنے کا انتباہ

چمڑا اسپتال میں پانی بند، مریضوں کا داخلہ روکنے کا انتباہ

بلوں کی ادائیگی کے باوجود قلت، واٹر کارپوریشن حکام اورمیئرکو خط ارسالپانی نہ ہونے سے صفائی اور طبی سہولتوں کی فراہمی ناممکن ہوگئی، انتظامیہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اسکن ڈیزیز اسپتال المعروف چمڑا اسپتال میں پانی کی فراہمی پندرہ روز سے معطل ہونے کے باعث اسپتال بندش ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔ اسپتال انتظامیہ نے واٹر کارپوریشن حکام کو لائن کی درستگی اور پانی فراہمی کیلئے خطوط لکھے تاہم کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ ڈائریکٹر اسکن ڈیزیز انسٹیٹیوٹ نے آج سے اسپتال میں مریضوں کا داخلہ بند کرنے کا عندیہ دے دیا ۔ ڈائریکٹر محمد پریل جوکھیو نے 14 فروری کو ایک خط میئر کو بھی ارسال کیا جس میں کہا گیا کہ ادارہ امراضِ جلد روزانہ 3ہزار تا 5ہزار آؤٹ ڈور مریضوں کی آمد،تاہم پانی کی فراہمی میں تعطل کے باعث اسپتال کے امور بشمول مریضوں کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور لیبارٹری خدمات شدید متاثر ہو رہی ہیں ۔ ڈائریکٹر اسکن اسپتال ڈاکٹر پریل جوکھیو نے بتایا کہ ہر ماہ بل ادا کرنے کے باوجود پانی کی شدید قلت ہے ، 15 دن سے ایک گھونٹ پانی نہیں ملا، واٹر کارپوریشن افسران کو بول بول کر تھک گئے ہیں ۔ واٹر کارپوریشن نے ٹینکر بھیجا، اس کے بھی 9 ہزار روپے لے لیے ۔ واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے انسانی ہمدردی کی بنا پر مفت واٹر ٹینکر فراہم کردیا ہے ۔ ڈائریکٹر کو مطلع کیا ہے کہ اسپتال کے اطراف پانی کی سپلائی میں کہیں کوئی تعطل نہیں ، اسپتال کا واٹر کنکشن ٹھیک کرالیں، لائن کا کوئی مسئلہ ہوسکتا ہے ۔ واٹر لائن کی انٹرنل تنصیب صارف کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں