تنخواہ کی عدم ادائیگی، ٹاؤن چیئرمین، میونسپل کمشنر ناظم آباد کی گرفتاری کا حکم
دونوں افسران کو پیش نہ کرنے کی صورت میں ایس ایس پی خود وضاحت دیں ، ہائی کورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ناظم آباد ٹاؤن کے ملازم کی تنخواہ روکنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران ٹاؤن میونسپل کمشنر ناظم آباد اور ٹاؤن چیئرمین کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل لطیف پاشا ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سینٹیشن ڈپارٹمنٹ کے سب انسپکٹر عامر کو 2024 سے تنخواہ نہیں دی جا رہی اور میونسپل کمشنر و ٹاؤن چیئرمین عدالتی حکم کی پرواہ نہیں کر رہے ۔ عدالت نے ایس ایس پی سینٹرل کو ہدایت کی کہ دونوں افسران کو عدالت میں پیش کیا جائے ، اور اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ایس ایس پی خود عدالت میں جا کر وضاحت کرے ۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ میں واٹر کارپوریشن کے ریٹائرڈ افسر زاہد خان کی واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کی سروس بک میں علیحدہ علیحدہ تاریخ پیدائش درج ہیں اور سروس بک درخواست گزار کی تحویل میں ہی رہی ہے ۔