واٹر مافیا پھر سرگرم:مختلف مقامات پر غیر قانونی ہائیڈ رنٹس کا انکشاف

واٹر مافیا پھر سرگرم:مختلف مقامات پر غیر قانونی ہائیڈ رنٹس کا انکشاف

واٹر کارپوریشن کا انفورسمنٹ سیل غیر فعال،حب ڈیم کی ائن سمیت منگھوپیر ومضافاتی علاقوں میں مافیا سرگرم، لائنوں میں نقب زنی سے یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری ہونے لگا پانی کا بحران مزید شدید ،شہری مہنگے ٹینکرز خریدنے پر مجبور، غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف جلد بھرپور کارروائی کی جائے گی ،حکمت عملی بنائی جارہی ، حکام واٹر کارپوریشن

 کراچی (رپورٹ:سید علی مہدی )کراچی واٹر کارپوریشن کے ریونیو پروٹیکشن انفورسمنٹ سیل کی غیر فعالیت کے باعث شہر میں غیرقانونی ہائیڈرنٹس مافیا دوبارہ سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔شہر کے مضافاتی علاقوں میں واٹر کارپوریشن کی لائنوں سے پانی چوری کرکے شہریوں کو بیچنے سے پانی کا بحران مزید بڑھ گیا ۔ شہر کے مختلف اضلاع میں متعدد غیر قانونی ہائیڈرنٹس کھلنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ مختلف مقامات پر لائنوں میں نقب زنی کرکے یومیہ لاکھوں گیلن پانی غیر قانونی طور پر ٹینکرز ، سوزوکی اور دیگر ذرائع استعمال کرکے فروخت کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر کارپوریشن کی جانب سے دو ماہ قبل اینٹی تھیفٹ سیل کو اچانک ختم کردیا گیا ، نیا محکمہ ریونیو پروٹیکشن انفورسمنٹ سیل قائم کیا گیا ،تاہم نئے محکمے کے قیام کے بعد گزشتہ دو ماہ سے شہر میں پانی کی چوری کے خلاف انتظامی کاروائیاں تعطل کا شکار ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق اینٹی تھیفٹ سیل کے خاتمے اور اسکی جگہ قائم محکمے ریونیو پروٹیکشن انفورسمنٹ سیل کی غیر فعالیت کے باعث واٹر کارپوریشن کے افسران مبینہ ملی بھگت سے شہر میں متعدد غیر قانونی ہائیڈرنٹس دوبارہ کھول د یے گئے۔

جس کے باعث شہر میں پانی کا بحران مزید شدت اختیار کرگیا ،عوام بوند بوند پانی کیلئے ترس رہے ہیں اور ٹینکرز مافیا کے رحم و کرم پر ہونے کے باعث مہنگے داموں پانی کی خریداری پر مجبور ہیں ۔ ذرائع کے مطابق شہر میں 30 سے زائد مقامات پر غیر قانونی ہائیڈرنٹس دوبارہ کھلنے کا انکشاف ہوا ہے ، حب ڈیم سے آنے والی مرکزی لائن سے بھی بڑے پیمانے پر پانی کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق منگھوپیر سے گزرنے والی مرکزی لائن میں بھی نقب لگاکر پانی چوری کیا جارہا ہے ۔منگھوپیر روڈ کے اطراف معتدد غیر قانونی ہائیڈرنٹ دوبارہ فعال ہوگئے ہیں ۔ رمضان اور یار محمد گوٹھ میں بھی غیر قانونی ہائیڈرنٹس کھلنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ میمن گوٹھ ، دنبہ گوٹھ ،ایوب گوٹھ ، جنجال گوٹھ اور انور مری گوٹھ میں بھی لائنوں سے پانی چوری کرکے بیچنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ کراچی واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق شہر میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائیاں دوبارہ شروع کی جارہی ہیں ۔ ریونیو پروٹیکشن انفورسمنٹ سیل کے حکام مطابق غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف جلد بھرپور کاروائی کی جائے گی جس کیلئے حکمت عملی بنائی جارہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں