وزیراعلیٰ:ایمپریس مارکیٹ، برنس روڈ کادورہ، نرخوں کا معائنہ
سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت، معذور کو5ہزار دیے شہریوں سے گفتگو، دکانوں پر ریٹ لسٹ آویزاں، کمشنر کی وزیراعلیٰ کو بریفنگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی نے جمعرات کواشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے اور سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کراچی کے اہم تجارتی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی وزیر ناصر شاہ، معاونِ خصوصی عثمان ہنگورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر بہادر ڈاہری اور کمشنر کراچی حسن نقوی بھی تھے ۔ کمشنر نے بریفنگ میں بتایا کہ تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ آویزاں ہے ۔ برنس روڈ سے دورے کا آغازہوا جہاں وزیراعلیٰ نے اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے آویزاں نرخ ناموں کی جانچ پڑتال اور شہریوں سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا اشیاکی قیمتیں مقرر نرخوں کے مطابق ہونی چاہئیں۔ حسنِ سلوک کے طور پر انہوں نے ایک معذور کو افطار کے سامان کی خریداری کیلئے 5 ہزار روپے بھی دیے ۔ برنس روڈ کے بعد وزیراعلیٰ ایمپریس مارکیٹ پہنچے جہاں دکانداروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے پھلوں کے ٹھیلوں پر آویزاں نرخ ناموں کا جائزہ لیا اور انہیں فروخت کی اصل قیمتوں سے موازنہ کیا۔ ایک پھل فروش کے پاس بیریز کی سرکاری قیمت 120 روپے فی کلو درج تھی جبکہ وہ 100 روپے فی کلو بیچ رہا تھا۔ وزیراعلیٰ نے دکانداروں سے دریافت کیا کہ کیا انہیں انتظامیہ سے ہراسانی کا سامنا ہے جس پر دکانداروں نے جواب دیا کہ ہمیں کوئی تنگ نہیں کرتا۔ وزیراعلیٰ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پرائس کمپلینٹ سیل کا معائنہ کیا اور زیر تعمیر گوشت مارکیٹ کا بھی جائزہ لیا۔ میئر مرتضیٰ وہاب نے انہیں بحالی اور مرمت کے جاری کاموں پر بریفنگ دی۔