زہریلی شراب پینے سے 3افراد ہلاک ، 6زیر علاج
تمام متاثرہ افراد کا تعلق ناظم آباد نمبر 1اور ملحقہ آبادیوں سے ہے رضویہ پولیس نے ایک ملزم کوگرفتار کرکے 19بوتلیں برآمدکرلیں
کراچی(اے پی پی)رضویہ سوسائٹی کی حدود ناظم آباد نمبر 1میں زہریلی کچی شراب پینے سے طبیعت غیر ہونے پر9افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج 3افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 6اسپتال میں زیر علاج ہیں۔پیر کو ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت جنید ولد سعید، محمد رضوان ولد محمد راشد اور عامر غنی ولد غنی کے نام سے ہوئی جبکہ زیر علاج افراد میں سلطان مسیح، اسد ، جوائس، شیرون ، عابد اور جیسپرسن شامل ہیں ۔واقعہ کے بعد رضویہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عدنان ولد احسان الحق کوپشاوری چپل والی گلی ناظم آباد نمبر 1سے گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 16 چھوٹی اور 3بڑی بوتلیں زہریلی کچی شراب برآمدکرلی۔ تمام متاثرہ افراد کا تعلق ناظم آباد نمبر 1اور ملحقہ آبادیوں سے ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ رضویہ سوسائٹی پولیس کے مطابق کچی شراب مختلف مقامات سے خریدی گئی تھی جن کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں ۔دوسری جانب آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی سینٹرل سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔آئی جی سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار عناصر کا فوری تعین کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔