ڈبل کیبن گاڑی پل سے ندی میں گرگئی، 2 بچے جاں بحق ،3 افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملیر صالح محمد گوٹھ کے قریب ڈبل کیبن گاڑی پل سے ندی میں گرنے سے گاڑی میں سوار 2 بچے موقع پر جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر، صالح محمد گوٹھ کے قریب ایک تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی پل سے نیچے ندی میں جا گری، جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق اور تین افراد شدید زخمی ہو گئے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ڈالا (ڈبل کیبن گاڑی) پل پر موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر ندی میں جا گرا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کی رفتار بہت زیادہ تھی، جس کی وجہ سے ڈرائیور اس پر قابو نہ رکھ سکا۔ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ندی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا، جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت شہزاد اور حمزہ کے نام سے ہوئی ہے ، جن کی عمریں 10 سے 15 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا۔