ضلع وسطی ،صفائی انتظامات کیلئے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا دورہ

ضلع وسطی ،صفائی انتظامات کیلئے ایم ڈی سالڈ ویسٹ کا دورہ

عملے کی حاضری، گاڑیوں کے روٹس اور فٹنس کی سخت نگرانی کی ہدایتشہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ، طارق علی نظامانی

کراچی (این این آئی)ضلع وسطی میں صفائی کے انتظامات کو مزید موثر بنانے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے ناظم آباد یارڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کچرا اٹھانے والی گاڑیوں و مشینری کی گلبرگ یارڈ سے ناظم آباد یارڈ منتقلی کے عمل کی نگرانی کی۔ نگرانی کے دوران انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تمام انتظامات شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ صفائی ستھرائی کے امورمزید تیز اور موثر بنایا جا سکے اور آپریشن میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

دیگر تفصیلات میں ناظم آباد اور لیاقت آباد میں صفائی ستھرائی آپریشن کے لئے ناظم آباد یارڈ کی تعمیر و مرمت اور مشینری کی شفٹنگ کا کام جاری ہے ، اس اقدام سے گاڑیوں کی آمدورفت میں سہولت اور فاصلہ کم ہونے سے کام کی رفتار میں تیزی آئے گی۔اس موقع پر افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گاڑیوں کی منتقلی کا مقصد آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا اور علاقوں میں بروقت کچرا اٹھانے کو یقینی بنانا ہے ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے ہدایت کی کہ عملے کی حاضری، گاڑیوں کی فٹنس اور روٹس کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں