ایم کیو ایم کے زیرِ اہتمام عالمی یوم نسواں پر تقریب
شعبہ خواتین کی ذمہ داران سماجی و تعلیمی شخصیات اور خواتین کی شرکت خواتین کے حقوق، تعلیم، سماجی کردار اور معاشی خودمختاری کے موضوعات پرگفتگو
کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام گلشنِ شمیم کنونشن سینٹر میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب اور فکری مکالمے کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم کیو ایم پاکستان شعب خواتین کی ذمہ داران سماجی و تعلیمی شخصیات اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تقریب میں خواتین کے حقوق تعلیم سماجی کردار اور معاشی خودمختاری کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر پاکستان میں حقیقی سماجی و معاشی ترقی ممکن نہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہاں موجود افراد عظیم تر برصغیر کی سب سے زیادہ ارتقا یافتہ قوم کے نمائندے ہیں اور ہمیں خواتین کے عالمی دن کو محض رسمی تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عملی اہداف کے تعین کا دن بنانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک خواب کے ساتھ یہاں جمع ہوئے ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ آئندہ برس اسی خواب کی تعبیر کے ساتھ دوبارہ یہاں بیٹھیں گے ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ معاشرہ دراصل ایک اجتماعی تصور اور اقدار کا نام ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں معاشرتی ڈھانچے کو ایسے مذہبی ٹھیکیداروں کے زیرِ اثر رکھا گیا جن کی سوچ حقیقی اسلامی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشرہ مختلف بیرونی اقدار کے اثرات کا شکار ہے جبکہ آج کی عورت اپنے جائز حقوق کی تلاش میں جدوجہد کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہماری قومی تاریخ میں ایسا کوئی باب نہیں جس پر ہماری مائیں بہنیں اور بیٹیاں شرمندگی محسوس کریں ۔