ٹریفک حادثات میں 3افراد ہلاک، 3نے خودکشیاں کرلیں
نوشہرو فیروز، سہون میں گاڑیوں کی زد میں آکر زبیر، قنبر علی، شاہدہ لقمہ اجل بنےگھریلو ناچاقی پرلاڑکانہ میں 2افراد، تلہار میں 4 بچوں کی ماں نے زندگی کا خاتمہ کیا
محراب پور، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) ٹریفک حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ، جبکہ خاتون سمیت 3 افراد نے خود کشی کرلی۔ محراب پور کے قریب درس تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر ٹرالر کر زد میں آکر موٹر سائیکل سوار لڑکا زبیر مہر ولد عمران مہر جاں بحق ہوگیا، جبکہ جھلو تھانے کی حدود میں دادو مورو پل پر نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوجوان قنبر علی شاہ جاں بحق ہوا، جس کا تعلق گاؤں ملک سے تھا۔ سہون میں ٹول پلازہ کے قریب گاؤں بچل چنہ کے مقام پر تیز رفتار ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر لگنے کے نتیجے میں موٹرسائیکل ٹرالر کی زدمیں آگئی اور سوار خاتون شاہدہ شیخ جاں بحق اور انکا شوہر محمد حسن شیخ زخمی ہوگئے ، پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے لیا ہے تاہم ڈرائیور فرار ہوگیا۔ دریں اثنا لاڑکانہ میں منور آباد محلے کے رہائشی 24 سالہ نوجوان وقار ولد محمد اسلم لاڑک نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر مبینہ طور پر گھر کے اندر پھندا لے کر خودکشی کرلی، پولیس نے لاش کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا۔ دوسری جانب قنبر کے قریب گاؤں خان محمد چانڈیو کے رہائشی محنت کش فاروق چانڈیو نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث زہریلی دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی، اسے چانڈکا اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔ تلہار کے نواحی گاؤں بھنبھو لغاری میں مولچند کولہی کی بیوی چار بچوں کی ماں تیس سالہ بھینی نے پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔