مختلف ٹریفک حادثات میں 3افراد جاں بحق، 4زخمی
بنارس پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار چل بساسائٹ ایریا میں 2موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں نوجوان ماراگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن پیر آباد اور بنارس پل کے اوپر مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 2 افراد جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن عبداللہ کالج بنارس پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ عدیل ولد سعید احمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 42 سالہ سید ظفر، 35 سالہ کاشف حنیف اور 65 سالہ عبدالغفور شامل ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد نامعلوم گاڑی کا ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ ادھر اورنگی ٹاؤن سے بنارس جاتے ہوئے پل کے اوپر پیش آنے والے ایک اور ٹریفک حادثے میں 28 سالہ عمران ولد عنایت الرحمان جاں بحق جبکہ 25 سالہ گلزار زخمی ہوگیا۔ ایدھی ایمبولینس کے ذریعے متوفی اور زخمی کو نارتھ ناظم آباد کے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق فرار کار ڈرائیور کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سے قبل سائٹ ایریا میں 2 موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں بھی ایک موٹر سائیکل سوار 25 سالہ بلال جاں بحق اور زاہد نامی شخص زخمی ہوا تھا۔