جنگی صورتحال سے پورا خطہ متاثر ہو رہا ہے ،گورنرسندھ
پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا خدشہ،حکومت امن کیلئے کوشاں،کامران ٹیسوری خواتین کو مساوی حقوق اورانصاف کی فراہمی منصفانہ معاشرے کی پہچان ہے
کراچی (اے پی پی ،آئی این پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جانب سے گونر ہاوس میں اجتماعی افطار و ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، نوجوانوں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر گورنر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال سے پورا خطہ متاثر ہو رہا ہے اور اس کے اثرات عالمی معیشت سمیت پاکستان پر بھی پڑ سکتے ہیں، کشیدہ حالات کے باعث پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کے اثرات عوام پر پڑنے کا خدشہ ہے ۔گورنر نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطے میں امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں،اس نازک وقت میں پوری قوم کو بھی دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ خطے میں امن و استحکام قائم فرمائے ،ہمیں اس مقدس مہینے میں اللہ تعالیٰ سے اپنے اور پوری امتِ مسلمہ کیلئے خیر و عافیت کی دعا کرنی چاہیے ۔ دوسری جانب عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کو مساوی حقوق اور انصاف کی فراہمی ایک مہذب اور منصفانہ معاشرے کی پہچان ہے ،اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے ،گھر سے پارلیمنٹ تک خواتین نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور بیٹیوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔