خواتین کا جمہوریت میں نمایاں کردار رہا، وزیراعلیٰ
تعلیم، صحت اور روزگار میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا ترجیح حکومت خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے ،مرادعلی
کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ کی ماں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین مساوات، حقوق اور انصاف کی جدوجہد کی علامت ہے اور خواتین کی شمولیت کے بغیر کسی بھی معاشرتی یا معاشی ترقی کا سفر ممکن نہیں۔ وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے اور تعلیم، صحت اور روزگار میں خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی خواتین نے جمہوریت اور قومی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ محترمہ فاطمہ جناح، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کی قیادت اور جدوجہد کی روشن مثالیں ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خودمختار اور باہمت خواتین مضبوط معاشرے کی ضمانت ہیں اور معاشی، سماجی اور سیاسی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی پہلی پنک بس سروس خواتین کے لیے سندھ میں کامیابی سے جاری ہے اور کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں خواتین کے لیے محفوظ سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہے ۔ مزید برآں، پنک اسکوٹی اسکیم اور ویمن موبیلیٹی پروگرام کے ذریعے خواتین کی نقل و حرکت بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں خواتین کے لیے کئی اقدامات کیے گئے ہیں۔