لانڈھی تھانے کے اندر سے شہری کی موٹر سائیکل چوری،کیمرے بھی ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)لانڈھی تھانے کی حدود سے شہری کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی ناکام رہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں تھانے کے اندر سے شہری کی موٹر سائیکل چوری ہو گئی ہے ، حیرت انگیز طور پر تھانے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے بھی چور کا سراغ لگانے میں ناکام رہے ۔متاثرہ شہری کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ اسے رقم کے لین دین کے ایک معاملے پر کمپلین سیل انچارج نے تھانے بلایا تھا۔شہری کے مطابق اس نے تھانے کے اندر کمپلین سیل انچارج کے سامنے ایس آئی ندیم کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ بیان ریکارڈ کروانے کے بعد جب وہ دو گھنٹے بعد تھانے سے باہر نکلا تو اس کی موٹر سائیکل غائب تھی۔شہری کا کہنا ہے کہ اس نے فوری طور پر مددگار 15 کو موٹر سائیکل چوری کی اطلاع دی۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متاثرہ شہری کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔