لائنوں میں سیوریج کی ملاوٹ،پیٹ کے امراض بڑھ گئے

 لائنوں میں سیوریج کی ملاوٹ،پیٹ کے امراض بڑھ گئے

شہری ابلا ہوا پانی پئیں اور غیر معیاری غذا سے پرہیز کریں،طبی ماہرین کا مشورہ

کراچی(نیوز ایجنسیاں) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں پانی کی لائنوں میں سیوریج کے پانی کی ملاوٹ کے بعد ہیضے اور اسہال کے کیسز میں اضافہ ہوگیا ہے ۔اس بات کا انکشاف ماہرین طب نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے 2 بڑے سرکاری اسپتالوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حالیہ دنوں میں ہیضہ اور اسہال کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔چند روز قبل سرکاری و نجی اسپتالوں اور کلینکس میں میں یومیہ ہیضے اور اسہال کے 40 سے 45 جب کہ 4 سے 5 مریض پیٹ میں درد و مروڑ،تھکاوٹ، متلی اور جسم میں پانی و نمکیات کی کمی کی علامات کے ساتھ آرہے تھے ، مگر اب یومیہ 70 سے 80 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔سول اسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ چند روز قبل ایمرجنسی میں روزانہ ہی ہیضے اور اسہال کے 3 سے 4 مریض آرہے تھے ،اب تعداد 20 سے 22 ہوگئی ہے ۔جناح اسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ چند روز قبل جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں ہیضے اور اسہال کے 40 سے 45 کیسز رپورٹ ہورہے تھے ،مگر اب اسپتال میں ڈائریا اور کولیرا کے یومیہ 70 سے 80 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ ہیضے اور اسہال سے بچے ،بزرگ اور کم قوت مدافعت والے افراد زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔طبی ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ شہری ابلا ہوا پانی پئیں اور غیر معیاری غذا سے پرہیز کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں